احتجاج آئینہ دنیائے خود پرست پر

*احتجاج آئینہ دنیائے خود پرست پر*

اگر غیبت سمجھ میں آ جائے تو امام قائم علیہ السلام سے وابستگی کا اظہار ہو جائے گا اور اگر ان سے وابستگی حاصل ہو گئی تو ان کے دوستوں میں شمار ہونے کا موقع ملے گا اور اگر ان کے دوستوں میں شمار ہوتے ہوئے ان کے عشق میں مبتلا ہو گئے تو ان کی صحبت حاصل ہو گی اور عشق یہ ہے کہ معشوق کے رنگ میں رنگ جایا جائے اور جیسا معشوق کیا کرتا ہو گا ویسا کر گزرنے کی جستجو پیدا ہو گی اور اس جستجو کو عملی جامہ پہنانے کے بعد ان کی طرف بڑھ جانے کے لئے پہلا قدم اٹھایا جائے گا اور جب ہم عملی طور پر ان کے جیسے اقدامات بجا لانے کی کوشش کریں گے تو اس کوشش میں مصروف ہو کر ان کے پاس پہنچ جائیں گے کیونکہ ہم خود میں ان کی خودی کو پا لیں گے اور اس طرح ان کے ظاہر ہونے کا سبب بن جائیں گے ۔

جس طرح خدا کے بارے میں کسی کو سوال ہے کہ خدا رہتا کہاں ہے تو مثال دودھ میں گھی تلاش کرنے کی دی جاتی ہے ۔ دودھ کو پکا کر دہی بنتا ہے اور دہی کو تپا کے مکھن بنا دیا جاتا ہے ۔ پھر مکھن کو جلا کر کھی حاصل کر لیا جاتا ہے ۔

غور کریے تو جس وقت سے امام قائم علیہ السلام نے غیبت اختیار کر لی تب سے اب تک ہم میں کوئی فرق نہیں پڑا ۔ ہم آج بھی بے حس و بے پرواہ ہی ہیں ۔ ہم امام قائم علیہ السلام کو آواز دے کر بلاتے ہیں تو صرف اپنے فائدے کے لیے ۔ ہم کہتے ہیں امریکہ ہمارے اوپر مسلط ہو رہا ہے اس لئے آ جائیے ۔ ہم کہتے ہیں آل سعود ہمارے اوپر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس لئے آ جائیے ۔ ہم کہتے ہیں کہ اسرائیل ہمارے لیے سازشیں کر رہا ہے اس لئے آ جائیے ۔ ہم کہتے ہیں کہ ملک کے جابر حکمران ہمارا جینا دوبھر کر رہے ہیں اس لئے آ جائیے ۔

ہم دھوکے سے بھی یہ نہیں کہتے ہیں کہ ہم آپ کی نصرت کریں گے اور آپ کی ہر بات تسلیم کرتے ہیں اور کریں گے  اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہم آپ کے لیے اقدامات کریں گے ۔

ہم ان کو ان کے معجزات کے لیے یاد کرتے ہیں ۔ کہ ذوالفقار لے کر آئیے اور چٹکی بجا کر سب کو ختم کر دیجئے اور جنت البقیع آپ تعمیر کرئیے ۔ ہمارے دشمنوں کو بھی آپ ہی سرزنش کیجئے اور اپنے دشمنوں کو بھی آپ ہی فی النار کیجئے ۔

یانی ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم نے نہ کچھ کیا تھا اور نہ ہی کچھ کریں گے ۔ ہم صرف آپ سے فائدے اٹھائیں گے اور آپ کو آپ کے حال پر چھوڑ دیں گے ۔ مگر آپ ہمارے فائدے کے لیے کھڑے رہیے گا ۔ یانی ہم اپنے اشاروں پر چلنے والا امام چاہتے ہیں ۔ خود اپنی جگہ سے ہلنا بھی گوارا نہیں کریں گے ۔ ہم تماشبین کی طرف تماشہ دیکھیں گے بس ۔

۔ *عون علی " یمانی "*

Comments